1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی حملوں میں ISI کا قریبی تعاون: خفیہ بھارتی رپورٹ

19 اکتوبر 2010

ایک خفیہ بھارتی رپورٹ کی تفصیلات منظرِ عام پر آئی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے اہم ترین خفیہ ادارے آئی ایس آئی نے 2008 میں بھارتی شہر ممبئی پر ہونے والے دہشت پسندانہ حملوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/PhZx
ممبئی کا تاج ہوٹل حملے کی زَد میںتصویر: AP

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کا کہنا ہے کہ اُسے اِس رپورٹ کی ایک نقل پیر کو ملی ہے جبکہ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے یہ خبر برطانوی اخبار ’گارڈین‘ کے حوالے سے جاری کی ہے۔ اِس رپورٹ میں اِن حملوں کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرنے والے امریکی شہری ڈیوڈ ہیڈلی کے ساتھ بھارتی تفتیش کاروں کی اُس بات چیت کا حوالہ دیا گیا ہے، جو اِس سال جون میں عمل میں آئی تھی اور جو مجموعی طور پر 34 گھنٹے تک جاری رہی تھی۔

نومبر سن 2008ء میں دَس مسلح افراد کی طرف سے تین روز تک کئے گئے اِن دہشت پسندانہ حملوں میں 166 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ڈیوڈ ہیڈلی امریکہ میں اپنی گرفتاری کے بعد وہاں کے تحقیقاتی اداروں کے سامنے اِس بات کا اعتراف کر چکا ہے کہ اُس نے اِن حملوں کی تیاری کے سلسلے میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔ ہیڈلی نے یہ اعتراف اِس وعدے پر کیا تھا کہ اُسے نہ تو بھارت کے حوالے کیا جائے گا اور نہ ہی موت کی سزا دی جائے گی۔

Zeichnung Gericht David Coleman Headley vor Richter Harry Leineweber
نو دسمبر دو ہزار نو کے اِس تصویری خاکے میں ڈیوڈ کول مین ہیڈلی کو ایک امریکی کمرہء عدالت میں دکھایا گیا ہےتصویر: AP

خفیہ بھارتی رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ ہیڈلی نے بھارتی تفتیش کاروں کو پوری تفصیل کے ساتھ بتایا کہ اِن حملوں میں پاکستانی خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جینس نے مدد فراہم کی تھی۔ بھارت الزام عائد کرتا ہے کہ اِن حملوں میں بنیادی کردار پاکستان میں کالعدم تنظیم لشکرِ طیبہ نے ادا کیا تھا۔ 109صفحات پر مشتمل اِس خفیہ رپورٹ کے مطابق ہیڈلی نے بتایا کہ آئی ایس آئی اور لشکرِ طیبہ کے عسکریت پسندوں کے درمیان درجنوں ملاقاتیں ہوئی تھیں۔

’گارڈین‘ کے مطابق ہیڈلی کا دعویٰ ہے کہ آئی ایس آئی پاکستانی ریاست کے ساتھ روابط رکھنے والی اُن عسکریت پسند تنظیموں کو زیادہ طاقتور بنانے کی کوشش کر رہی تھی، جو دیگر زیادہ انتہا پسند گروپوں کی وجہ سے پس منظر میں جا رہے تھے۔

Mohammed Ajmal Kasab
ممبئی حملوں میں ملوث ہونے پر موت کی سزا پانے والا اور دَس حملہ آوروں میں سے واحد زندہ بچ جانے والا محمد اجمل قصابتصویر: AP

ڈیوڈ ہیڈلی ایک سابق پاکستانی سفارت کار اور ایک سفید فام امریکی خاتون کا بیٹا ہے اور اُس کا اصل نام داؤد گیلانی بتایا جاتا ہے۔ برطانوی جریدے کے مطابق ہیڈلی کا دعویٰ ہے کہ اُس کے کم از کم دو مشن ایسے تھے، جس کے لئے مالی وسائل جزوی طور پر آئی ایس آئی کی طرف سے فراہم کئے گئے تھے اور یہ کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ اِس خفیہ ایجنسی کو رپورٹیں دیا کرتا تھا۔

اِس رپورٹ میں البتہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی ایس آئی کی جانب سے عسکریت پسندوں کی نگرانی کا عمل اکثر ابتری کا شکار رہتا تھا اور یہ کہ اِس بات کا امکان موجود ہے کہ زیادہ سینئر افسران حملے شروع ہونے سے پہلے اِس بات سے ناواقف ہوں کہ یہ کتنے بڑے پیمانے پر ہوں گے۔

’گارڈین‘ نے آئی ایس آئی کے ایک ترجمان کا حوالہ دیا ہے، جس کا کہنا تھا کہ ممبئی حملوں میں پاکستانی خفیہ ادارے کے ملوث ہونے کے الزامات ’بے بنیاد‘ ہیں۔

رپورٹ: امجد علی / خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں