1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہبنگلہ دیش

بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے دیا، فوجی حکام

5 اگست 2024

بنگلہ دیشی فوجی حکام نے کہا ہے کہ ملکی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یوں 15 برس سے جاری ان کے اقتدار کا خاتمہ ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/4j7Ry
حسینہ واجد
تصویر: Carsten Koall/Getty Images

بنگلہ دیشی فوجی حکام نے کہا ہے کہ ملکی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہ اتوار کے روز پر تشدد مظاہروں میں ایک سو افراد کی ہلاکت کے ایک دن بعد مستعفی ہوئیں۔ یوں 15 برس سے جاری ان کے اقتدار کا خاتمہ ہو گیا۔ 

بنگلہ دیش میں کئی ہفتوں سے احتجاج کرنے والے طلبہ ہزاروں کی تعداد میں وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم اپنی سرکاری رہائش گاہ سے کسی محفوظ مقام پر منتقل ہو گئی ہیں۔

بنگلہ دیش: مظاہروں کے دوران تقریباً سو ہلاک، غیر معینہ مدت کا کرفیو جاری

بنگلہ دیشی طلبہ نے سول نافرمانی کی ملک گیر تحریک کا اعلان کر دیا

وزیر اعظم مستعفی


ادھر خبر رساں ادارے روئٹرز نے بنگلہ دیشی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملکی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور ملک سے باہر چلی گئی ہیں۔
بنگلہ دیشی ٹیلی وژن چینل 24 پر دکھائی جانی والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دارالحکومت ڈھاکہمیں موجود وزیر اعظم کی رہائش گاہ میں بڑی تعداد میں ہجوم موجود ہے اور لوگ کیمرے کے سامنے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے وزیر اعظم کے قریبی ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ 76 سالہ وزیر اعظم حسینہ واجد اور ان کی بہن نے ڈھاکہ چھوڑ دیا ہے اور ایک محفوظ جگہ پر منتقل ہو گئی ہیں۔ اس ذریعے کے مطابق وزیر اعظم اپنا خطاب ریکارڈ کرانا چاہتی تھیں تاہم انہیں اس کا موقع نہیں مل سکا۔

بنگلہ دیش میں طلبہ کا مظاہرہ
بنگلہ دیش میں کئی ہفتوں سے احتجاج کرنے والے طلبہ ہزاروں کی تعداد میں وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہو گئے۔تصویر: Sazzad Hossain/DW

 

’آرمی چیف قوم سے خطاب کریں گے‘


بنلگہ دیشی فوج کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ملکی فوج کے سربراہ وقار الزماں آج پیر کی سہ پہر کو قوم سے خطاب کریں گے۔ ترجمان کی طرف سے تاہم مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
وزیر اعظم کی رہائش گاہ میں احتجاجی مظاہرین کے داخل ہونے سے قبل وزیر اعظم حسینہ واجد کے بیٹے نے ملکی سکیورٹی فورسز سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اقتدار پر بزور طاقت قبضے کی کسی بھی کوشش کو روکیں۔
امریکہ میں موجود سجیب واجد نے فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں ملکی سکیورٹی فورسز سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا، ’’آپ کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں اور ہمارے ملک کو محفوظ بنائے اور ملکی آئین کی حفاظت کرے۔‘‘

بنگلہ دیشی طلباء کوٹہ سسٹم کے خلاف کیوں ہیں؟


ا ب ا/ش ر (اے ایف پی، روئٹرز)