1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹریزا مے نئی برطانوی وزیر اعظم، بورس جانسن نئے وزیر خارجہ

امجد علی14 جولائی 2016

ٹریزا مے نے بدھ سے برطانیہ کی نئی وزیر اعظم کی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں اور اُنہوں نے غیر متوقع طور پر برطانیہ کے یورپی یونین سے نکل جانے کے لیے مہم چلانے والے رہنما بورس جانسن کو ملک کا نیا وزیر خارجہ بنا دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JOcw
Großbritannien Theresa May in der Downing Street 10
ٹریزا مے وزیر اعظم بننے کے بعد ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں آ رہی ہیںتصویر: Reuters/S. Rousseau

اُنسٹھ سالہ ٹریزا مے نے یہ عہدہ ڈیوڈ کیمرون کی جگہ سنبھالا ہے، جنہوں نے تئیس جون کو منعقدہ اُس ریفرنڈم کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا، جس میں برطانوی عوام کی اکثریت نے یورپی یونین سے نکل جانے کے حق میں ووٹ دیے تھے۔ اس ریفرنڈم کے بعد سیاسی منظر نامہ درہم برہم ہو کر رہ گیا تھا اور مالیاتی منڈیاں بھی ہِل کر رہ گئی تھیں۔

خود ٹریزا مے بھی برطانیہ کے بدستور یورپی یونین میں شامل رہنے کی حامی تھیں لیکن اب نئے حالات میں اُنہوں نے کابینہ کا ایک سینیئر عہدہ لندن شہر کے سابق میئر بورس جانسن کو دیا ہے، جنہوں نے ’بریگزِٹ‘ کی مہم کی قیادت کی تھی۔ اس طرح اُنہوں نے ریفرنڈم کے نتیجے میں پارٹی کے اندر پیدا ہونے والی تقسیم کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری طرف یہ ایک متنازعہ فیصلہ بھی ہے کیونکہ جہاں جانسن نے بریگزٹ مہم کی قیادت کرتے ہوئے یورپی یونین کے بہت سے رہنماؤں کو ناراض کیا تھا، وہیں انہوں نے کیمرون کی جانشینی کی دوڑ سے نکل جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو مایوس بھی کیا تھا۔

مے نے کیمرون کے ایک قریبی ساتھی جارج اوسبورن کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے یہ ذمہ داری سابق وزیر خارجہ فیلپ ہیمنڈ کو سونپ دی ہے اور اُنہیں ایسے خدشات کو ختم کرنے کا کام تفویض کیا ہے کہ برطانیہ کے اپنی سب سے بڑی منڈی کو چھوڑ دینے کے منفی اثرات برآمد ہوں گے۔

یورپی یونین کے حوالے سے شکوک و شبہات رکھنے والے سابق وُزراء ڈیوڈ ڈیوس اور لیئم فوکس کو بالترتیب بریگزٹ کے سلسلے میں مذکرات کار اور بین الاقوامی تجارت کے وزیر کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ برطانوی ریفرنڈم کے نتائج سے پوری دنیا کو دھچکا لگا تھا۔

Großbritannien Boris Johnson
لندن شہر کے سابق میئر بورس جانسن کو نیا وزیر خارجہ بنایا گیا ہےتصویر: Reuters/T. Melville

یورپی یونین کے رہنما برطانیہ کے یونین سے اخراج سے متعلق مذاکرات کے جلد از جلد آغاز کے لیے زور دے رہے ہیں۔ خود مے بھی، جو مارگریٹ تھیچر کے بعد برطانیہ میں دوسری خاتون وزیر اعظم ہیں، یہ کہہ چکی ہیں کہ ’بریگزٹ کا مطلب بریگزٹ‘ ہے، یہ عوامی فیصلہ حتمی ہے اور اس حوالے سے کوئی دوسرا ریفرنڈم کروانے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔

وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہی مے نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو فون کیا۔ میرکل نے مے کو جرمنی کے دورے کی دعوت دی۔ مے نے فرانس اور آئرلینڈ کے رہنماؤں سے بھی فون پر بات چیت کی۔ عالمی رہنماؤں کی طرف سے مے کو مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید