1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان کے حملے میں افغان فوج کا ایک اور جنرل مارا گیا

مقبول ملک25 مارچ 2016

افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں ملکی فوج کا ایک اور جنرل مارا گیا ہے۔ جنرل خان آغا پر حملہ قندھار میں کیا گیا۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی طالبان کے ایک بم دھماکے میں ایک فوجی جرنیل مارا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1IJv7
Symbolbild Terrorismus Afghanistan
تصویر: Getty Images/AFP/S. Marai

افغان دارالحکومت کابل سے جمعہ پچیس مارچ کو ملنے والی جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں ایک اعلیٰ اہلکار نے آج بتایا کہ جنرل خان آغا کو جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب طالبان کے دو مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

قندھار میں صوبائی گورنر کے ترجمان صمیم خپلواک نے بتایا، ’’ضلع داند میں جنرل خان آغا پر حملہ طالبان کے دو مسلح جنگجوؤں نے کیا۔ انہوں نے جنرل خان آغاز پر اس وقت اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جب وہ ایک مقامی مسجد سے واپس اپنے گھر جا رہے تھے۔‘‘ صوبائی گورنر کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ جنرل خان آغا کے ساتھ ان کا ایک سترہ سالہ بیٹا بھی تھا، جو اس حملے میں شدید زخمی ہو گیا۔

ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ کابل حکومت اور اس کی حلیف اتحادی فورسز کے خلاف مسلح کارروائیاں کرنے والی طالبان تحریک کے ایک ترجمان نے اعتراف کیا ہے کہ قندھار میں جنرل خان آغا کو اسی مزاحمتی تحریک نے نشانہ بنایا۔ طالبان کے ترجمان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جنرل خان آغا کے ساتھ اس حملے میں متعدد دیگر افراد بھی مارے گئے۔ جنرل خان آغا قندھار میں افغان فوج کی 205 ویں کور کا نائب کمانڈر تھا۔

قندھار کے گورنر کے ترجمان کے مطابق جب اس آرمی جنرل پر حملہ کیا گیا تو کئی دیگر افراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ حملہ آوروں کی کارروائی کے ساتھ ہی اس فوجی جرنیل کے محافظوں کا عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ صمیم خپلواک نے کہا، ’’دونوں حملہ آوروں کو خان آغا کے مسلح محافظوں نے موقع پر ہی گولی مار دی۔‘‘

Karte Afghanistan Provinz Kandahar Deutsch
تصویر: DW

ڈی پی اے نے افغان نیوز ویب سائٹ ’خامہ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ افغانستان میں کسی فوجی جنرل کی طالبان کے کسی حملے میں ہلاکت کا حال ہی میں پیش آنے والا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل فروری کے شروع میں بھی ایک افغان جنرل طالبان کے ایک حملے میں مارا گیا تھا۔ اس آرمی جنرل کا نام عطامیر آغا تھا اور وہ صوبے ہلمند میں طالبان شدت پسندوں کے نصب کردہ ایک بم کے دھماکے میں ہلاک ہوا تھا۔

افغانستان میں گزشتہ برس طالبان عسکریت پسندوں کے حملوں یا ان کے ساتھ مسلح جھڑپوں میں مجموعی طور پر سات ہزار سے زائد مقامی سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی پانچ ہزار سے زائد رہی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں